اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم کے سی ایچ جی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

news-banner

کاروبار - 17 نومبر 2025

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار 17 سے 18 نومبر 2025 تک روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

 

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار یہ شرکت روس کے وزیراعظم میکائل میشوستین کی خصوصی دعوت پر کر رہے ہیں۔ اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے حکومتی سربراہان، ایران کے نائب صدر اور پاکستان و بھارت کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔

 

اس کے علاوہ منگولیا، بحرین، مصر، قطر، کویت اور ترکمانستان کے اعلیٰ حکام بھی موجود ہوں گے، جبکہ سی آئی ایس، یوریشین اکنامک یونین، سی ایس ٹی او سمیت مختلف علاقائی و عالمی تنظیموں کے نمائندے بھی اجلاس میں شامل ہوں گے۔

 

ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار اپنے خطاب میں اہم علاقائی و عالمی معاملات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور ایس سی او کے اندر اقتصادی، تجارتی، مالیاتی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے تجاویز دیں گے۔ 

 

سی ایچ جی ایس سی او کا دوسرا بڑا فیصلہ ساز فورم ہے جو بجٹ سمیت سماجی و اقتصادی معاملات پر اہم فیصلے کرتا ہے۔

 

اجلاس کے دوران اسحاق ڈار مختلف رکن ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔