انٹرٹینمنٹ - 17 نومبر 2025
ایپل کو میسی مو کا پیٹنٹ چوری کرنے پر 63 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم
تازہ ترین - 17 نومبر 2025
کیلیفورنیا کی ایک وفاقی جیوری نے فیصلہ سنایا ہے کہ ایپل کو میڈیکل ٹیکنالوجی تیار کرنے والی کمپنی میسی مو کو 63 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ادا کرنا ہوں گے، کیونکہ اس نے خون میں آکسیجن کی پیمائش سے متعلق اس کا پیٹنٹ غیر قانونی طور پر استعمال کیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق جیوری نے میسی مو کے اس مؤقف کی حمایت کی کہ ایپل واچ کے ورزش سے متعلق فیچرز اور دل کی دھڑکن کے بارے میں ملنے والی نوٹیفکیشنز اس کے پیٹنٹ کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ کمپنی کے ترجمان نے اس فیصلے کی تصدیق بھی کی۔
ایپل نے اس فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اپیل کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ سال کے دوران میسی مو نے مختلف عدالتوں میں ایپل پر 25 سے زائد پیٹنٹ خلاف ورزیوں کا الزام لگایا، جن میں سے اکثر کو مسترد کیا جا چکا ہے۔
اس مقدمے میں زیرِ بحث پیٹنٹ 2022 میں ہی ختم ہو چکا تھا اور یہ کئی دہائیاں پرانی پیشنٹ مانیٹرنگ ٹیکنالوجی پر مبنی تھا۔
میسی مو نے اس فیصلے کو اپنی جدت اور دانشورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے ایک بڑی جیت قرار دیا۔
یہ کیس ایپل اور کیلیفورنیا کے شہر اِرووائن میں قائم میسی مو کے درمیان جاری پیٹنٹ تنازع کا حصہ ہے۔ میسی مو کا الزام ہے کہ ایپل نے اس کے انجینئرز کو ملازم رکھ کر اس کی پلس آکسی میٹری ٹیکنالوجی چُرائی اور اسے ایپل واچ میں شامل کیا۔
اسی تنازع کے باعث 2023 میں ایک امریکی تجارتی عدالت نے ایپل واچ سیریز 9 اور الٹرا 2 کی درآمد پر پابندی لگا دی تھی، کیونکہ ان میں میسی مو کی ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی پائی گئی تھی۔
پابندی سے بچنے کے لیے ایپل نے اپنی گھڑیوں سے خون میں آکسیجن ماپنے والا فیچر ہٹا دیا تھا اور بعد ازاں اگست میں امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کی منظوری کے بعد اس فیچر کا نیا ورژن دوبارہ متعارف کروا دیا۔
دیکھیں

