پاکستان - 18 نومبر 2025
ایپل کا اسٹینڈرڈ آئی فون 18 مؤخر کرنے کا فیصلہ، 2026 میں پہلا فولڈ ایبل آئی فون متوقع
تازہ ترین - 18 نومبر 2025
ایپل نے اپنے کئی سال پرانے آئی فون ریلیز شیڈول میں بڑی تبدیلی کی تیاری کرلی ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی 2026 میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18 پیش نہیں کرے گی بلکہ اسے بعد میں جاری کیا جائے گا تاکہ ملازمین پر دباؤ کم ہو اور آمدنی میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2026 میں صرف آئی فون 18 پرو ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی ایپل پہلی مرتبہ اپنا فولڈ ایبل آئی فون بھی پیش کرے گا، جسے کمپنی کی حالیہ تاریخ کی اہم ترین ڈیوائس قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی فون 18 سیریز کے دیگر ماڈلز — اسٹینڈرڈ آئی فون 18، آئی فون 18 ایئر اور آئی فون 18 ای — مارچ سے مئی 2027 کے درمیان متعارف کرائے جائیں گے۔
روایتی طور پر ایپل ہر سال ستمبر میں نئے آئی فونز پیش کرتا ہے جبکہ ایس ای یا ای ورژن سال کے آغاز میں لانچ کیے جاتے ہیں۔
افواہوں کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون میں انڈر ڈسپلے کیمرا ہوگا اور یہ کتاب کی طرح کھلنے اور بند ہونے والے ڈیزائن کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ اس کی بیٹری، اندرونی پراسیسر اور کیمرا سسٹم بھی اعلیٰ معیار کا ہوگا۔
قیمت کا حتمی اعلان نہیں ہوا، مگر پچھلی رپورٹس کے مطابق اس کی قیمت 2100 سے 2500 ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون 7.9 سے 8.3 انچ کا لچکدار او ایل ای ڈی ڈسپلے رکھے گا، جو ہزاروں بار کھولنے بند کرنے سے بھی متاثر نہیں ہوگا۔
دیکھیں

