آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے حلف اٹھا لیا، بلاول بھٹو کی شرکت—سیاسی تاریخ، پس منظر اور رہنماؤں کی مبارکبادیں

news-banner

پاکستان - 18 نومبر 2025

آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے صدر ہاؤس مظفرآباد میں ہونے والی سادہ مگر اہم حلف برداری کی تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

 

 حلف اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے لیا۔ تقریب میں سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ صدر آزاد کشمیر علالت کے باعث شریک نہ ہو سکے۔

 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینیئر رہنما فریال تالپور بھی تقریب میں موجود تھیں۔ ایک روز قبل چوہدری انوار الحق کے خلاف کامیاب عدم اعتماد کے نتیجے میں فیصل ممتاز راٹھور 36 ووٹ حاصل کرکے آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔

 

نومنتخب وزیراعظم کا خطاب:

فیصل ممتاز راٹھور نے حلف کے بعد خطاب میں پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے خاندان کا آزاد کشمیر کی سیاست سے تاریخی تعلق ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے ماضی میں ان کے والد ممتاز حسین راٹھور پر اعتماد کیا، اور آج 2025 میں انہیں ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

 

انہوں نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے پیپلز پارٹی دوبارہ آزاد کشمیر میں اکثریتی جماعت بن کر ابھری۔

 

 فیصل راٹھور نے کہا کہ ریاست آزاد کشمیر پورے کشمیر کی آزادی کا بیس کیمپ ہے اور ان کا مقصد تحریک آزادی کی سیاسی و عوامی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے ایل او سی پر موجود پاک فوج اور شہدا کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد:

تقریب سے قبل وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ٹیلیفونک رابطے میں فیصل ممتاز راٹھور کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی وفاق کی اولین ترجیح ہے۔

 

 انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت معاشی ترقی، فلاح و بہبود اور امن و سلامتی کے لیے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

 

فیصل ممتاز راٹھور کون ہیں؟

فیصل ممتاز راٹھور ایک قدیم اور بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما ہیں۔ وہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ممتاز حسین راٹھور کے صاحبزادے ہیں۔ ان کی والدہ بیگم فرحت راٹھور بھی قانون ساز اسمبلی کی رکن رہ چکی ہیں۔

 

انہوں نے 2011 میں پہلی بار قانون ساز اسمبلی کی رکنیت حاصل کی اور وزیر برقیات و وزیر اکلاس کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2021 کے انتخابات میں دوبارہ منتخب ہو کر ایوان میں موثر اپوزیشن کا کردار نبھایا۔ 2023 میں اتحادی حکومت میں وزیر لوکل گورنمنٹ رہے اور عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کی سربراہی کی۔

 

بردباری، نرم مزاجی اور شفاف شہرت کے باعث سیاسی و عوامی حلقوں میں یکساں مقبول فیصل ممتاز راٹھور اس وقت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل ہیں۔ پارٹی قیادت انہیں بلاول بھٹو اور فریال تالپور کا قابلِ اعتماد ساتھی مانتی ہے۔