تازہ ترین - 19 نومبر 2025
آزاد کشمیر میں 20 رکنی نئی کابینہ آج حلف اٹھائے گی
پاکستان - 19 نومبر 2025
آزاد جموں و کشمیر کی 20 رکنی نئی کابینہ آج ایوانِ صدر مظفرآباد میں حلف اٹھائے گی۔ ذرائع کے مطابق قائم مقام صدر چودھری لطیف اکبر وزراء سے حلف لیں گے، جبکہ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب نے بھی کابینہ کی تشکیل اور آج کی تاریخ کی تصدیق کر دی ہے۔
نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
سابق وزیراعظم چودھری انوار الحق کی کابینہ میں وزیر قانون رہنے والے میاں عبدالوحید کو نئی کابینہ میں سینئر وزیر کا عہدہ دیا جائے گا۔ نئی کابینہ میں 18 وزراء اور 2 مشیر شامل ہیں۔
اس سے قبل مشاورتی مراحل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کابینہ کی حلف برداری مؤخر کر دی گئی تھی، ابتدائی تجویز میں صرف 10 وزراء شامل کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن اسمبلی اراکین نے اسے مسترد کر دیا، جس کے بعد دو روز تک مسلسل مشاورت جاری رہی۔
مشاورتی عمل کی قیادت پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور اور نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کر رہے تھے۔ وزراء کی فہرست اور محکموں پر اتفاق رائے کے بعد آج حلف برداری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حلف برداری کے بعد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کابینہ کے ارکان کو متعلقہ محکمے الاٹ کریں گے۔
دیکھیں

