سنگیتا نے ’مذاق رات‘ میں فلمی اور ذاتی زندگی کے دلچسپ حقائق بتا دیے

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 19 نومبر 2025

ماضی کی مقبول اداکارہ اور فلم ساز سنگیتا نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کرتے ہوئے اپنی ذاتی اور فلمی زندگی سے متعلق کئی دلچسپ حقائق عوام کے سامنے بیان کیے۔

 

سنگیتا نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ فلم کی ہدایت کاری کر رہی تھیں جس میں انہوں نے سعود اور ریشم کو کاسٹ کیا تھا۔ شوٹنگ کے دوران سعود مقررہ وقت پر پہنچے نہیں، جس پر سنگیتا نے شوٹنگ روک کر خود سعود کے گھر جانے کا فیصلہ کیا۔


ان کے مطابق وہاں پہنچ کر انہوں نے سعود سے تاخیر کی وجہ پوچھی، تو سعود نے اشاروں سے ان کی توجہ میلے کپڑوں کے ڈھیڑ کی طرف لگائی، جس کے نیچے اداکارہ میرا چھپی ہوئی تھی۔

 

سنگیتا کے مطابق، میرا سعود کو روک رہی تھی اور نہیں چاہتی تھی کہ ریشم سعود کے ساتھ ہیروئن کے طور پر کام کریں، حالانکہ سنگیتا نے ریشم کو کاسٹ کیا تھا۔


سنگیتا نے میرا کو وہاں سے نکالا، ڈانٹا اور پھر سعود کے ساتھ شوٹنگ کے سیٹ پر واپس آگئیں۔

 

انہوں نے اپنی والدہ کے بارے میں بھی بتایا کہ والدہ نے انہیں کئی بار مارا اور اکثر سیٹ پر موجود سب کے سامنے سختی ظاہر کی۔

 

سنگیتا نے اعتراف کیا کہ پہلی شادی انہوں نے غصے میں آکر فلم کے ایک اداکار سے کی تھی اور ان سے کوئی محبت نہیں تھی۔ ایک موقع پر شوٹنگ کے دوران والدہ نے سب کے سامنے انہیں مارا، جس پر وہ غصے میں آئیں اور سیٹ پر موجود اداکار سے کہا کہ شادی کر لو، اور اداکار فوراً راضی ہوگئے۔

 

سنگیتا نے پہلے بھی کہا تھا کہ ان کی پہلی شادی صرف تین سال بعد ختم ہو گئی تھی اور والدہ اس شادی پر ناراض تھیں۔