ملتان سلطانز اور پی سی بی میں کشیدگی شدید، علی ترین نے قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی

news-banner

کھیل - 19 نومبر 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان تنازع مزید سنگین ہوگیا ہے۔

 

 فرنچائز کے مالک علی خان ترین نے الزام لگایا ہے کہ پی سی بی نے ویلیوایشن اور ری نیوول لیٹر فراہم نہیں کیا، جس پر وہ قانونی کارروائی کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

 

گزشتہ ماہ علی ترین نے پی ایس ایل انتظامیہ پر بدانتظامی، معلومات کے لیک ہونے اور ویلیوایشن میں غیر شفافیت کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد دونوں فریقین میں کشیدگی بڑھی۔

 

ادھر پی ایس ایل نے رواں ہفتے 2 نئی فرنچائز کے اعلان کے بعد جلد ملکیتی حقوق کی فروخت کا عمل شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جبکہ موجودہ ٹیموں اور کمرشل اثاثوں کی آزادانہ ویلیوایشن مکمل ہو چکی ہے۔

 

علی ترین نے آج ایک بار پھر ’ایکس‘ پر لکھا کہ چونکہ پی سی بی بات کرنے کو تیار نہیں، اس لیے انہیں سوشل میڈیا پر ہی مؤقف پیش کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق:

 

  • ایک ماہ کے دوران پی ایس ایل مینجمنٹ کو کئی ای میلز بھیجی گئی ہیں،
  • ویلیوایشن اور ری نیوول لیٹر کا مطالبہ کیا گیا جو باقی تمام ٹیموں کو مل چکا ہے،
  • لیکن پی سی بی نے ان کے کسی خط یا ای میل کا جواب نہیں دیا۔

ترین کا کہنا تھا کہ دیگر فرنچائزرز نے بھی سوال پوچھا ہے کہ ملتان سلطانز کو عمل سے باہر کیوں رکھا جا رہا ہے، مگر وہاں بھی کوئی جواب نہیں دیا جاتا۔

 

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پی سی بی کی یہ "گوسٹنگ" جاری رہی تو وہ قانونی کارروائی پر مجبور ہو جائیں گے، اگرچہ یہ ان کی پہلی ترجیح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پوری صورتحال غیر ضروری ہے اور باہمی بات چیت سے آسانی سے حل ہوسکتی ہے۔

 

گزشتہ ہفتے پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نئے ری نیوول آفر لیٹرز ان فرنچائزز کو بھجوائے گئے ہیں جنہوں نے قواعد کی مکمل پاسداری کی ہے، اور شفافیت کے لیے آزادانہ ویلیوایٹر سے انفرادی و اجتماعی سیشنز بھی رکھے گئے ہیں۔