پاکستان - 22 نومبر 2025
بنوں ریجن میں سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی؛ 3 کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک
پاکستان - 22 نومبر 2025
خیبر پختونخوا کے بنوں ریجن میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کامیاب آپریشنز کے دوران 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مشترکہ کارروائیوں میں کئی دہشتگرد زخمی بھی ہوئے جبکہ فورسز کے اہلکار محفوظ رہے۔
شیری خیل اور پکہ پہاڑ خیل میں دہشتگرد جتھوں کی موجودگی کی اطلاع پر لکی پولیس، سی ٹی ڈی اور فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو ہلاک اور 5 کو زخمی کیا، جب کہ ایک سہولت کار کو گرفتار بھی کیا گیا۔
کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں خطرناک کمانڈر نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی بھی شامل ہیں۔
کچھ دہشتگردوں کی لاشیں دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہونے کے باعث نکالی نہ جا سکیں۔
نصر خیل میں مشترکہ کارروائی میں ایک اور مطلوب دہشتگرد مارا گیا جبکہ مقامی لوگوں نے بھی دہشتگردی کے خلاف فورسز کا بھرپور ساتھ دیا۔
ڈومیل میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے بعد فورسز نے 8 گھنٹے طویل آپریشن میں مزید 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جن میں بدنام زمانہ کمانڈر رسول عرف آریانہ بھی شامل ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں ریجن پولیس، سی ٹی ڈی اور فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کو دہشتگردی سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔
دیکھیں

