عظمیٰ بخاری کا سہیل آفریدی کو جواب: "قانون سکھانے سے پہلے خود قانون پڑھیں"

news-banner

پاکستان - 22 نومبر 2025

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو لکھے گئے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی پہلے خود قانون پڑھیں۔

 

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتیں کروانے کا وزیراعلیٰ پنجاب سے کوئی تعلق نہیں اور وہ کسی سرکاری افسر کے کام میں مداخلت نہیں کرتیں۔

 

 ان کے مطابق عمران خان سے ہفتے میں دو دن ملاقاتیں ہوتی ہیں، جن میں اب تک وکلا اور اہلخانہ کی 609 ملاقاتیں ہوچکی ہیں، لہٰذا سہیل آفریدی کو دوسروں کو قانون پڑھانے کی بجائے خود مطالعہ کرنا چاہیے۔

 

انہوں نے وضاحت کی کہ جیل رولز کے مطابق سیاسی ملاقاتوں کی اجازت نہیں، اور جیل سپرٹنڈنٹ ہی اس حوالے سے حتمی اختیار رکھتے ہیں۔ بشریٰ بی بی کے اہلخانہ کی ملاقاتیں اس سے الگ ہیں، اور اس کے باوجود جیل کے باہر ہر ہفتے جلسے کیے جاتے ہیں۔

 

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی 9 مئی کے سزا یافتہ مجرموں کے ساتھ جلسے کرتے ہیں اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دیتے ہیں، جس پر انہیں اپنی حدود کا ادراک ہونا چاہیے۔