پاکستان - 22 نومبر 2025
27ویں آئینی ترمیم کے خلاف وکلا کنونشن اندرونی اختلافات کے باوجود ہائیکورٹ کے باہر منعقد
پاکستان - 22 نومبر 2025
27ویں آئینی ترمیم کے خلاف آج ہونے والا وکلا کنونشن اندرونی اختلافات کے باعث تنازع کا شکار ہوگیا۔
سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری مرزا سرفراز نے کنونشن کی تاریخ پہلے ہی اعلان کی تھی، لیکن بار کے صدر سرفراز میتلو اور مینجنگ کمیٹی کے متعدد اراکین نے اعتراض کرتے ہوئے اجلاس منسوخ کردیا، مؤقف اختیار کیا کہ اعزازی جنرل سیکرٹری کو یہ اجلاس بلانے کا اختیار نہیں تھا۔
اس کے باوجود جنرل سیکرٹری اور کراچی بار ایسوسی ایشن نے کنونشن کو ہر صورت منعقد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا اور پروگرام کو ہائیکورٹ کے باہر سڑک پر منتقل کر دیا۔ سکھر سے آئے وکلا کے قافلے کا استقبال مرزا سرفراز نے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ رجسٹرار ہائیکورٹ نے یہ اعتراض بھی اٹھایا کہ تقاریر اور نعروں سے عدالت کے وقار کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے اور ہفتے کے روز عدالت میں صرف انتظامی امور نمٹائے جاتے ہیں، اس لیے کنونشن کو ہائیکورٹ کے باہر منتقل کیا گیا۔
مرزا سرفراز نے مزید کہا کہ وکلا کی تحریک مکمل طور پر پرامن ہے، لیکن اگر کسی نے اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو اس کی ذمہ داری ان پر عائد نہیں ہوگی۔ اس موقع پر ہائیکورٹ کے اطراف میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے، جبکہ وکلا نے مرکزی گیٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو باہر جانے پر مجبور کیا۔
دیکھیں

