دنیا - 24 نومبر 2025
پشاور ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ ناکام، صدر اور وزیراعظم کی شدید مذمت — سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ٹل گیا
پاکستان - 24 نومبر 2025
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے
صدر آصف زرداری نے حملے کو بیرونی پشت پناہی رکھنے والے خوارج کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کو اولین ترجیح حاصل ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کو سراہا، جس کی بدولت بڑا نقصان ٹل گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کو جلد شناخت کرکے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ تین دہشتگردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا جسے فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔
ایک خودکش بمبار گیٹ پر ہی ہلاک ہوا جبکہ دو حملہ آوروں کو ایف سی جوانوں نے مار گرایا۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
دیکھیں

