مس یونیورس میں دھاندلی کا الزام ,مس فلسطین ندین ایوب نے ووٹنگ سسٹم کو غیر شفاف قرار دے دیا

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 25 نومبر 2025

مس یونیورس 2025 کا مقابلہ اس سال شدید تنازعات کی زد میں رہا۔

 

 کہیں امیدواروں نے واک آؤٹ کیا، تو کہیں جج نے استعفیٰ دے دیا، میزبان کو ہٹایا گیا اور ایک امیدوار اسٹیج سے گرنے کے واقعے نے بھی ہلچل مچائی۔

 

 میکسیکو کی حسینہ کے تاج جیتنے کے باوجود الزامات کا سلسلہ ختم نہ ہوسکا۔

 

اسی دوران مس یونیورس فلسطین ندین ایوب نے “Most Beautiful People” کیٹیگری میں ووٹنگ کو غیر شفاف قرار دے دیا۔ 

 

ان کا کہنا ہے کہ مقابلے کے اختتام سے 30 منٹ پہلے تک وہ واضح برتری سے آگے تھیں، لیکن آخری دو منٹ میں ایک دوسری امیدوار کے ووٹ اچانک 20 ہزار تک پہنچ گئے، جو ان کے مطابق بلا جواز اضافہ ہے اور اندرونی مداخلت کے بغیر ممکن نہیں۔

 

ندین ایوب نے کہا کہ ایوارڈ جیتنا مقصد نہیں تھا، اصل اعزاز فلسطین کی نمائندگی ہے، مگر ایک فلسطینی خاتون ہونے کے ناتے انصاف کے لیے آواز اٹھانا ان کی ذمہ داری ہے۔

 

سوشل میڈیا صارفین نے بھی ندین کے دعوے کی تائید کی اور کہا کہ مس یونیورس ایپ ووٹ قبول نہیں کر رہی تھی، کریش ہو رہی تھی یا صارفین کو فری ووٹ استعمال کرنے سے روک رہی تھی۔

 

واضح رہے کہ 2025 میں پہلی بار فلسطین نے مس یونیورس میں حصہ لیا اور ندین ایوب ٹاپ 30 میں شامل ہو کر تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئیں۔