حکومت کی صنعتوں کیلئے بڑی سہولت , بجلی سستی کرنے کے اقدامات تیز

news-banner

کاروبار - 26 نومبر 2025

وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے تاکہ پیداواری اخراجات کم ہوں اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔

 

ڈان کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت موجودہ معاشی چیلنجز کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے اور صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخ کم کرنے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔

 

ایکسپو سینٹر میں تیسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کے افتتاح کے موقع پر وزیرِ تجارت نے بتایا کہ حکومت نے برآمد کنندگان کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے برآمدات پر 0.25 فیصد سرچارج ختم کر دیا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے اہم تجارتی شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات کر رہا ہے۔ خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے ساتھ نیا آزاد تجارتی معاہدہ منظور ہو چکا ہے، جبکہ امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھ رہا ہے۔

 

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ برطانیہ کے ساتھ تفصیلی تجارتی نقشہ تیار کیا گیا ہے اور سیکرٹری سطح کی تکنیکی کمیٹیاں فعال طور پر کام کر رہی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نئی افریقی مارکیٹس تک رسائی حاصل کر کے ایتھوپیا میں کامیاب سنگل کنٹری نمائش بھی منعقد کی۔ 

 

ان کے مطابق مختلف بڑے ممالک کے نمائندوں کی پاکستان آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی صلاحیت پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

 

ایکسپو میں 850 سے زائد غیر ملکی مندوبین شریک ہوئے جنہوں نے پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں میں موجود وسیع مواقع کو سراہا۔ 

 

وزیرِ تجارت نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں نے حالیہ برسوں میں قابلِ ذکر ترقی کی ہے اور عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ مضبوط کی ہے، تاہم برآمدات کے حجم اور معیار میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔