گنی بساؤ میں فوجی بغاوت؛ صدر معزول، ملک بھر میں کرفیو نافذ, سرحدیں بند

news-banner

دنیا - 27 نومبر 2025

مغربی افریقہ کے ملک گنی بساؤ میں فوجی افسران کے ایک گروہ نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھال لیا ہے۔

 

 یہ اعلان سرکاری ٹی وی پر پڑھ کر سنایا گیا، جو اس وقت سامنے آیا جب سخت مقابلے کے بعد ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونا تھا۔

 

فوجی افسران کے مطابق صدر اومارو سسکو ایمبالو کو معزول کر دیا گیا ہے، انتخابی عمل معطل کر دیا گیا ہے، سرحدیں بند اور ملک بھر میں کرفیو نافذ کیا جا رہا ہے۔

 

 ملک کے انتظام کے لیے اعلیٰ عسکری کمان تشکیل دے دی گئی ہے۔

 

اعلان سے قبل الیکشن کمیشن، صدارتی محل اور وزارتِ داخلہ کے قریب تقریباً ایک گھنٹے تک فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

 

 

23 نومبر کے انتخابات کے عبوری نتائج آج جاری ہونا تھے جن میں ایمبالو کا سخت مقابلہ فرننڈو ڈیاس سے تھا، دونوں نے پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں اپنی جیت کا دعویٰ کیا تھا۔

 

گنی بساؤ آزادی کے بعد سے اب تک کم از کم 9 بغاوتوں اور بغاوت کی کوششوں کا سامنا کر چکا ہے۔