54 ہزار خالی اسامیاں ختم، 56 ارب کی سالانہ بچت ہو گی،وزیر خزانہ

news-banner

کاروبار - 27 نومبر 2025

اسلام آباد میں پاکستان بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا کہ حکومت نے غیر ضروری اخراجات کم کرنے کے لیے 54 ہزار خالی سرکاری اسامیاں ختم کر دی ہیں جس سے سالانہ 56 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف وزارتوں اور محکموں کے انضمام اور خاتمے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

 

وزیر خزانہ کے مطابق معیشت کو مستحکم بنانے، مقابلے کی فضا بہتر کرنے اور مالی نظم و ضبط کے لیے اہم اصلاحات پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو کیش سسٹم سے ڈاکومینٹڈ اکانومی کی طرف لانے اور ٹیکس نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے پر کام جاری ہے۔

 

محمد اورنگ زیب نے بتایا کہ اوسط قرض میچورٹی بڑھ کر چار سال ہو گئی ہے جس سے ری فنانسنگ رسک کم ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال معاشی نمو ساڑھے تین فیصد تک پہنچ سکتی ہے جبکہ اگلے سال چار فیصد اور درمیانی مدت میں چھ سے سات فیصد تک کے امکانات ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ریگولیٹری فریم ورک تقریباً تیار ہے جبکہ برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ کا 11 واں اجلاس 4 دسمبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔