اے این ایف نے 154 ملین ڈالر مالیت کی منشیات سمگلنگ ناکام بنادی، 2 ملزم گرفتار

news-banner

پاکستان - 27 نومبر 2025

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی بڑی سمگلنگ کوشش ناکام بنا دی۔

 

 ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں 154.15 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کی گئی۔

 

اے این ایف نے پنجگور میں بین الاقوامی ڈرگ ٹریفکنگ نیٹ ورک کی نگرانی کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے گیس کنٹینر کو ایم 8 گوادر سی پیک روڈ پر روک کر تلاشی لی۔

 

 تلاشی کے دوران 553.5 کلو آئس اور 40 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔

 

حکام کے مطابق اس سمگلنگ گروہ کے 2 اہم کارندے بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

 

 بدنام زمانہ سمگلر علی جان کی قیادت میں یہ نیٹ ورک افغانستان سے منشیات کو پنجگور کے راستے تربت، گوادر اور پسنی کے ذریعے بیرون ملک بھیجتا تھا۔

 

 منشیات کو ایل پی جی گیس کنٹینر میں چھپا کر سمگل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

 

مزید برآں، دیگر ملوث افراد اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، اور اے این ایف نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔