جیو سوپر اور مائکو کو 2027 تک آئی سی سی نشریاتی حقوق حاصل، پاکستان میں براہِ راست کرکٹ کی نشریات

news-banner

کھیل - 27 نومبر 2025

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم مائکو کو 2027 تک آئی سی سی ایونٹس کے نشریاتی حقوق حاصل ہو گئے ہیں۔

 

 آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پی ٹی وی، جیو سوپر اور مائکو نے ٹیلی ویژن رائٹس حاصل کر لیے ہیں، جبکہ مائکو نے ڈیجیٹل رائٹس بھی حاصل کیے ہیں۔

 

اس معاہدے کے تحت 3 مینز سینئر ٹورنامنٹس، 2 ویمنز سینئر ٹورنامنٹس اور انڈر 19 ایونٹس کی براہِ راست نشریات پاکستان سمیت دنیا بھر میں کی جائیں گی۔

 

 آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی سب سے پُرجوش اور متحرک مارکیٹوں میں سے ایک ہے اور انہیں میڈیا کے حقوق کے اس نئے معاہدے کی خوشی ہے۔

 

مائکو کے مینجنگ ڈائریکٹر عثمان معصوم نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت ملک بھر میں لاکھوں شائقین تک بہترین کرکٹ مواد پہنچانے میں مدد دے گی۔

 

اہم آئی سی سی ایونٹس میں 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، 2027 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل، 2027 میں مینز ون ڈے ورلڈ کپ، خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور انڈر 19 خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شامل ہیں۔