بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر مراد علی شاہ کا سخت ردعمل: “سندھ متحد ہے، پاکستان کے ساتھ ہے”

news-banner

پاکستان - 27 نومبر 2025

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی گیدڑ بھپکیاں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

 

 انہوں نے کہا کہ وہی ملک جو پہلے بھی بدترین شکست کھا چکا ہے، اس کے وزیر دفاع کا یہ بیان صرف کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔


سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ نہ کوئی سندھ کو پاکستان سے الگ کر سکتا ہے اور نہ جغرافیہ بدلا جا سکتا ہے، سندھ ہمیشہ مضبوطی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔


انہوں نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بوکھلاہٹ 9 مئی کے بعد سے جاری ہے۔


مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے پاکستان بنانے کی قرارداد منظور کی تھی، جس میں خطے کے تاریخی و حالیہ حالات کا احاطہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مسلمان اور ہندو تقسیم سے قبل مل کر آزادی کی جدوجہد کرتے رہے اور 1947 میں پاکستان وجود میں آیا۔


وزیراعلیٰ نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ دریا کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور پاکستان کی فورسز بھارت کو جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔