بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ ’صفر‘ والی پاکستانی فہرست میں عمر اکمل اور صائم ایوب کے برابر

news-banner

کھیل - 28 نومبر 2025

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے ریکارڈ کی فہرست میں عمر اکمل اور صائم ایوب کا ریکارڈ برابر کر لیا ہے۔

 

زمبابوے کے خلاف نصف سنچری بنا کر پاکستان کی 69 رنز کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے بابر اعظم سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے آخری لیگ میچ میں ناکام رہے اور صرف دو گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

 

دشمنتھا چمیرا کی لینتھ بال پر ایل بی ڈبلیو ہونے کے ساتھ یہ بابر اعظم کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا 10واں صفر تھا، جس کے بعد وہ صائم ایوب اور عمر اکمل کے برابر آ گئے ہیں جن کے کھاتے میں بھی 10،10 صفر موجود ہیں۔

 

پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈ آل راؤنڈر شاہد آفریدی اس فہرست میں 8 صفر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ کامران اکمل اور محمد حفیظ 7،7 صفر کے ساتھ ان کے بعد موجود ہیں۔