پاکستان کی تاجکستان میں چینی شہریوں کے قتل کی مذمت، افغان سرزمین سے دہشت گردی پر گہری تشویش کا اظہار

news-banner

دنیا - 28 نومبر 2025

پاکستان نے تاجکستان میں چینی شہریوں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور قابلِ افسوس واقعہ قرار دیا ہے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں افغان سرزمین سے کی جارہی ہیں، جس پر پوری عالمی برادری کو گہری تشویش لاحق ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حملے میں ڈرون کے استعمال نے خطرے کی شدت کو مزید واضح کر دیا ہے۔

 

پاکستان نے تاجکستان، چین اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی اور تاجک عوام کے دکھ کو بخوبی سمجھتا ہے، کیونکہ خود پاکستان بھی افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کا برسوں سے سامنا کرتا آیا ہے۔

 

ترجمان نے واضح کیا کہ دہشت گرد گروہوں کی میزبانی افغان طالبان کی سرپرستی میں جاری ہے، اسی لیے افغانستان سے کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف عملی، مؤثر اور قابلِ تصدیق اقدامات ناگزیر ہیں۔ پاکستان نے کہا کہ وہ چین اور تاجکستان کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

 

وزارت خارجہ نے ایک بار پھر اس مؤقف پر زور دیا کہ افغان سرزمین کو کسی بھی پڑوسی ملک یا دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

 

خیال رہے کہ تاجک وزارت خارجہ کے مطابق افغانستان سے تاجکستان کی سرحد کے قریب ایک چینی کمپنی پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 3 چینی شہری ہلاک ہوگئے۔