ٹرمپ کا دعویٰ: غیر قانونی تارکین وطن سیکیورٹی کیلئے خطرہ، فائرنگ میں زخمی نیشنل گارڈ اہلکار جاں بحق

news-banner

دنیا - 28 نومبر 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن امریکا میں داخل ہوکر سنگین مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ میں زخمی ہونے والی نیشنل گارڈ کی اہلکار دم توڑ گئی ہے۔

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے حکام سے غیر قانونی تارکین وطن کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے دن رات خدمات انجام دے رہی ہیں۔

 

ٹرمپ نے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والے حملے میں زخمی ہونے والی 20 سالہ نیشنل گارڈ اہلکار سارہ بیک اسٹروم جاں بحق ہوگئی، جبکہ 24 سالہ اینڈریو وولف کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔ صدر کے مطابق حملہ آور نے گھات لگا کر دونوں اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور گرفتار ملزم افغان شہری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بائیڈن انتظامیہ کے دور میں امیگریشن جانچ کے نظام میں سنگین خامیاں سامنے آ رہی ہیں۔

 

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دنیا کی مضبوط ترین فوج اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی رکھتا ہے، اور وینزویلا کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے جلد اقدامات کیے جائیں گے۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ امریکی بی 2 بمبار طیاروں نے 37 گھنٹے کی طویل پرواز کے بعد اپنا ہدف کامیابی سے نشانہ بنایا، پائلٹس سے ملاقات میں وہ انہیں ’’ٹام کروز جیسا‘‘ حوصلہ مند پایا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے بعد مشتبہ شخص رحمان اللہ کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔