ماڈل و ٹی وی میزبان متھیرا نے ریمپ واک پر سوشل میڈیا تنقید کا جواب دے دیا

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 28 نومبر 2025

بولڈ شخصیت اور صاف گوئی کی مالک ماڈل و ٹی وی میزبان متھیرا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔ 

 

حال ہی میں فیشن شو کے دوران ان کی ریمپ واک کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس پر متعدد صارفین نے ان کی ظاہری حالت اور واک پر تنقید کی۔

 

کچھ صارفین نے کہا کہ متھیرا پہلے زیادہ خوبصورت دکھتی تھیں جبکہ اب وزن بڑھ گیا ہے، کچھ نے ان کی واک کو غیر معیاری قرار دیا، ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا، "اس سے اچھی واک تو میں کر لو"، جبکہ بعض صارفین نے نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے انہیں "ملازمہ جیسی" قرار دیا۔

 

متھیرا نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ لوگ ان کے بارے میں منفی باتیں پھیلا رہے ہیں، حالانکہ وہ صرف اپنی صحت پر توجہ دے کر خوش رہنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

 

 انہوں نے وضاحت کی کہ انہیں شو میں بطور ماڈل مدعو کیا گیا تھا اور انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، مگر بعض بیمار ذہنیت والے پیجز ان کے خلاف بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔

 

متھیرا نے بتایا کہ ان کا گھٹنے کا آپریشن ہوا ہے اور وہ تھائرائڈ کے مسائل کا بھی سامنا کر رہی ہیں، اس کے باوجود کچھ لوگ صورتحال سمجھے بغیر طنزیہ رویہ اختیار کر رہے ہیں۔

 

اپنے بیان کے آخر میں متھیرا نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ وہ تنگ نظر معاشرے میں اعتماد اور حوصلے کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں اور آگے بھی ایسے ہی بڑھتی رہیں گی۔

 

 ان کے بقول، "میں اپنے لیے اسی طرح چلوں گی جیسے دنیا پر میرا ہی اختیار ہو۔"