فواد خان اور ماہرہ خان کی رومانوی فلم ’نیلوفر‘ سینما میں ریلیز، شائقین خوشی سے بھرپور

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 28 نومبر 2025

طویل انتظار کے بعد شائقین اپنی پسندیدہ جوڑی فواد خان اور ماہرہ خان کو ایک بار پھر بڑی اسکرین پر دیکھ سکیں گے، کیونکہ رومانوی فلم نیلوفر اب سینما میں ریلیز ہو گئی ہے۔

 

فلم کی کہانی اور ہدایتکاری امر رسول نے کی ہے، جبکہ پروڈیوسر کے فرائض اوصاف شارق نے انجام دیے ہیں۔

 

 فواد خان اور حسن خالد ایگزیکٹو پروڈیوسرز کے طور پر شامل ہیں۔ مرکزی کاسٹ میں فواد خان اور ماہرہ خان کے علاوہ بہروز سبزواری، عتیقہ اوڈھو، ثروت گیلانی اور مدیحہ امام بھی شامل ہیں۔

 

فواد خان فلم میں منصور علی خان کے کردار میں نظر آئیں گے، ایک منفرد شخصیت کے حامل لکھاری کے طور پر، جبکہ ماہرہ خان بصارت سے محروم مگر روشن دل اور متاثر کن شخصیت والی نیلوفر کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔

 

 نیلوفر کی شخصیت کہانی میں روحانی اور جذباتی گہرائی پیدا کرتی ہے۔

 

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ فواد خان کا کردار ہر کسی کے لیے آسان نہیں، اور ماہرہ خان کا کردار اپنے احساسات اور شکایات کا اظہار کرتا ہے۔

 

 فلم بصارت کے لفظی معنی تک محدود نہیں بلکہ فلسفیانہ اور جذباتی پہلوؤں کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

 

نیلوفر محبت، دل شکستگی اور ذیشان وکی کی دلکش موسیقی کے امتزاج کے ساتھ ایک ایسا رومانوی سفر پیش کرتی ہے جو محبت کی پاکیزگی، پچھتاوے اور جذباتی اضطراب کی کہانی بھی بیان کرتا ہے۔

 

 شائقین ریلیز پر بہت پرجوش ہیں اور سینما جا کر فلم دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔