کاروبار - 28 نومبر 2025
72 سالہ بھارتی شہری کے ساتھ 4 سال تک 35 کروڑ روپے کا خاموش فراڈ بے نقاب
دنیا - 28 نومبر 2025
بھارت میں 72 سالہ بھرت ہرک چند شاہ کے ساتھ چار برسوں میں 35 کروڑ روپے کا بڑا مالی فراڈ سامنے آگیا، اور حیرت انگیز طور پر انہیں اس عرصے میں اس کا اندازہ تک نہ ہو سکا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے رہائشی بھرت شاہ نے الزام لگایا ہے کہ ایک بروکریج فرم نے چار سال تک ان اور ان کی اہلیہ کے ٹریڈنگ اکاؤنٹس کو غیر مجاز سرمایہ کاری اور لین دین کیلئے استعمال کیا۔
بھرت شاہ ممبئی کے علاقے پرل میں کینسر کے مریضوں کے لیے کم قیمت پر گیسٹ ہاؤس چلاتے ہیں۔
سال 2020 میں انہوں نے ایک دوست کے مشورے پر مذکورہ بروکریج فرم میں ڈیمیٹ اور ٹریڈنگ اکاؤنٹ کھلوایا، جہاں اپنے وراثتی شیئرز بھی منتقل کر دیے۔
کمپنی نے بھرت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ٹریڈنگ کے لیے اضافی سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں اور ان کے شیئرز بطور ضمانت استعمال ہوں گے۔
چونکہ جوڑا اسٹاک مارکیٹ سے ناواقف تھا، کمپنی نے انہیں رہنمائی کے لیے دو ملازمین فراہم کیے جنہوں نے پورے پورٹ فولیو پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا اور چار سال تک اکاؤنٹ کے ذریعے بڑے پیمانے پر غیر مجاز تجارت چلتی رہی۔
فراڈ اس وقت بے نقاب ہوا جب جولائی 2024 میں کمپنی کے رسک مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کال کرکے بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 35 کروڑ روپے کا ڈیبیٹ بیلنس موجود ہے، اور فوری ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں تمام شیئرز فروخت کردیے جائیں گے۔
کمپنی پہنچنے پر بھرت کو علم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹس سے غیر مجاز ٹریڈنگ، کروڑوں کے شیئرز کی فروخت اور ایک ہی پارٹی کے ساتھ خطرناک لین دین کیے گئے تھے۔
بھرت شاہ نے اپنے شیئرز فروخت کرکے 35 کروڑ کی ادائیگی کی اور باقی سرمایہ محفوظ رکھنے کیلئے دوسری کمپنی میں منتقل کردیا۔
انہوں نے اسے ایک منظم مالیاتی فراڈ قرار دیتے ہوئے بروکریج فرم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
دیکھیں

