شوکت یوسفزئی کا اعلان: صوابی انٹرچینج پر ٹوکن احتجاج، مرکزی مظاہرہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر ہوگا

news-banner

پاکستان - 02 دسمبر 2025

سابق صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوابی انٹرچینج پر آج ہونے والا احتجاج احمد خان نیازی کی کال پر ہے، جبکہ پارٹی کا مرکزی احتجاج اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر ہوگا۔

 

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اور وزیرِ اعلیٰ نے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اڈیالہ جیل پہنچیں، اسی لیے کارکنان بھی وہیں جائیں گے۔ 

 

انہوں نے وضاحت کی کہ صوابی انٹرچینج پر احتجاج صرف ٹوکن ہوگا، جب کہ اصل احتجاج اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے ہوگا۔

 

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ گورنر راج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، لیکن اس سے حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید بگڑ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق پشاور میں اقتدار کے حصول کے لیے غلط حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

 

ادھر احمد نیازی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا احتجاج بانیِ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہے۔

 

 انہوں نے بتایا کہ موٹروے کو صوابی کے مقام پر بند کیا جائے گا اور احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک قیادت کی جانب سے نئی ہدایات نہیں مل جاتیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ احتجاج صوابی تک محدود رہے گا۔