پاکستان - 09 دسمبر 2025
پرنس اینڈریو کو رائل لاج چھوڑنے پر کسی معاوضے کی ادائیگی کا امکان نہیں، پارلیمانی رپورٹ
دنیا - 03 دسمبر 2025
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق اینڈریو ماؤنٹبیٹن وِنڈسر کو ونڈسر کے رائل لاج سے نکلنے پر کسی بھی قسم کا معاوضہ ملنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
معاہدے کے تحت 75 سالہ لیز قبل از وقت ختم کرنے کی صورت میں اینڈریو کو تقریباً 4 لاکھ 88 ہزار پاؤنڈ مل سکتے تھے، لیکن کراؤن اسٹیٹ کی جانب سے پارلیمنٹ کو بھیجے گئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمارت اس قدر خراب حالت میں ہے کہ ’’امکان ہے کہ انہیں کوئی معاوضہ نہیں دیا جائے گا‘‘۔
پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سر جیفری کلفٹن براؤن نے کہا ہے کہ اس انکشاف کی بنیاد پر اگلے سال کراؤن اسٹیٹ اور شاہی خاندان کے لیز معاملات کی تحقیقات کے لیے باضابطہ انکوائری شروع کی جائے گی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ آیا اینڈریو کو گواہی کے لیے طلب کیا جائے گا یا نہیں۔
دستاویزات کے مطابق اینڈریو نے 30 اکتوبر کو رائل لاج چھوڑنے کا نوٹس جمع کرایا — وہی دن جب ان کے باقی ماندہ شاہی اعزازات واپس لے لیے گئے۔
اگرچہ انہوں نے ایک سال کا نوٹس دیا ہے، تاہم توقع ہے کہ وہ اگلے سال کے اوائل میں رائل لاج چھوڑ کر نارفلک کے سینڈرنگھم منتقل ہو جائیں گے۔
مزید انکشاف ہوا کہ اینڈریو اب بھی سننگ ہل پارک کی ایک ضمنی جائیداد ایسٹ لاج کے لیز ہولڈر ہیں، جو ان کے عملے کے ایک رکن کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
کمیٹی نے رائل لاج کے حوالے سے اینڈریو کے مالی معاملات کی وجوہات جاننے کے لیے سوالات اٹھائے تھے تاکہ عوامی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اینڈریو نے 2003 میں رائل لاج کی لیز حاصل کرتے وقت 85 لاکھ پاؤنڈ سے زائد رقم پیشگی ادا کی تھی، جو مرمت کے اخراجات اور متعدد برسوں کے کرائے کے طور پر شمار کی گئی تھی، ساتھ ہی علامتی "پیپر کارن" فیس بھی شامل تھی۔
ایک شق کے مطابق، اگر وہ 25 سال کے اندر اندر لیز چھوڑ دیتے اور جائیداد اچھی حالت میں ہوتی تو انہیں کچھ رقم واپس مل سکتی تھی۔ تاہم کراؤن اسٹیٹ کے مطابق موجودہ خراب حالت کی وجہ سے یہ امکان تقریباً ختم ہو چکا ہے۔
کراؤن اسٹیٹ کمشنرز نے لیز معاہدے کو ’’منصفانہ اور مارکیٹ اصولوں کے مطابق‘‘ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب، آڈٹ واچ ڈاگ نے فورسٹ لاج کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں، جہاں ولی عہد اور شہزادی آف ویلز نے رواں سال منتقل ہوکر 20 سالہ لیز پر اوپن مارکیٹ کرائے کے مطابق رہائش اختیار کی ہے۔
پرنس اینڈریو پر ایک سال سے زائد عرصے سے رائل لاج چھوڑنے کا دباؤ تھا، خصوصاً جَیفری ایپسٹین سے تعلقات سامنے آنے کے بعد انہیں تمام شاہی اعزازات اور خطابات سے محروم کر دیا گیا تھا۔
اب وہ بادشاہ چارلس کی ذاتی اسٹیٹ سینڈرنگھم میں منتقل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔
امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹ اراکین نے بھی ایپسٹین کیس کی تحقیقات کے لیے اینڈریو کو بیان دینے کے لیے طلب کیا تھا، لیکن وہ مقررہ مدت تک جواب دینے میں ناکام رہے۔
دیکھیں

