شیراز فلم فیسٹیول میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی، وزیر ثقافت کا اہم خطاب

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 03 دسمبر 2025

ایران کے تاریخی شہر شیراز میں منعقد ہونے والے 43ویں فجر فلم فیسٹیول میں پاکستان نے بھرپور نمائندگی کی۔

 

 وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے معروف پاکستانی فلم سازوں کے ہمراہ پاکستان کو مہمان خصوصی کے طور پر پیش کیا۔

 

اپنے خطاب میں وزیر ثقافت نے دونوں ممالک کے درمیان فلموں کی مشترکہ پروڈکشن پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی ہمسایہ ممالک ہیں جن کے درمیان سماجی، ثقافتی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات مضبوط ہیں۔ 

 

انہوں نے مزید کہا کہ سینما کسی بھی ملک کی ثقافت اور اقدار کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔

 

وزیر ثقافت نے بتایا کہ پاکستانی سینما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش اور ایرانی سینما گھروں میں پاکستانی فلموں کی نمائش عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد دے گی۔

 

فیسٹیول میں پہلی بار تین پاکستانی فلمیں پیش کی گئیں: ’ایکٹر اِن لاء‘، ’عمرو عیار: ایک نئی شروعات‘ اور ’ٹیکسالی گیٹ‘۔

 

 وزیر ثقافت نے فیسٹیول کے تمام پروگرامز میں شرکت کی، پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور ایرانی سنیما فاؤنڈیشن کے چیئرمین سے ملاقات کی، انہیں پاکستان آنے اور سینما انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی دعوت دی۔