ملک میں 13 ارب روپے کے منصوبے سے تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی شروع

news-banner

تازہ ترین - 03 دسمبر 2025

پاکستان میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کے لیے 13 ارب روپے مالیت کے 9 بڑے منصوبے شروع کر دیے گئے ہیں۔ 

 

یہ منصوبے 11 اضلاع کے 178 ٹاؤنز، یونین کونسلز اور 753 دیہات میں تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کریں گے، جس سے 55 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

 

یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں یہ منصوبے منظور کیے گئے۔ 

 

سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ نے کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کی ہدایت پر شہری و دیہی ڈیجیٹل تفریق کے خاتمے کے لیے اقدامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔

 

چیئرمین یو ایس ایف کے مطابق دیہی و پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل کنیکٹیویٹی سے ڈیجیٹل معیشت مضبوط ہوگی۔ 

 

موجودہ منصوبوں کے تحت اب تک 3 کروڑ 94 لاکھ دیہی باشندے کنیکٹیویٹی خدمات تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔

 

منظور شدہ منصوبوں میں سیالکوٹ، نارووال، زیارت اور کوئٹہ کے لیے 3 فائبر آپٹک منصوبے شامل ہیں، جن کے تحت 1428 کلومیٹر کیبل بچھائی جائے گی۔ 

 

اسی طرح عمرکوٹ، گوجرانوالہ، کوہاٹ، خضدار، مظفرگڑھ، مانسہرہ اور منڈی بہاءالدین کے لیے براڈ بینڈ خدمات کے چھ منصوبے بھی شامل ہیں۔

 

اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل حفیظ الرحمان، ممبر ٹیلی کام جہانزیب رحیم، محمد یوسف اور عائلہ ماجد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔