صائم ایوب نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی

news-banner

کھیل - 03 دسمبر 2025

صائم ایوب نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تمام فارمیٹس کی تازہ رینکنگ جاری کی ہے، جس کے مطابق صائم ایوب نے سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جبکہ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

 

ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں بھارت کے ورون چکرورتی بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے ابرار احمد چار درجے ترقی کے بعد چوتھے، اور محمد نواز دو درجے ترقی کے بعد گیارہویں نمبر پر آگئے۔ شاہین آفریدی کی اٹھارہویں پوزیشن برقرار ہے، سفیان مقیم چار درجے تنزلی کے بعد بتیسویں، اور سلمان مرزا چار درجے ترقی کے بعد چونتیسویں نمبر پر پہنچ گئے۔

 

 صائم ایوب بارہ درجے کی چھلانگ لگا کر انتالیسویں پوزیشن پر آگئے۔

 

ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ 

 

پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دو درجے تنزلی کے بعد چھٹے، بابر اعظم ایک درجے تنزلی کے بعد تیسویں، اور صائم ایوب دو درجے ترقی کے بعد پینتیسویں نمبر پر ہیں۔

 

ون ڈے بولرز میں ابرار احمد، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بالترتیب نویں، اکیسویں اور تئیسویں پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ ون ڈے بیٹرز میں بابر اعظم اور سلمان آغا بالترتیب چھٹی اور سترہویں پوزیشن پر ہیں۔

 

ٹیسٹ کرکٹ میں بولر نعمان علی تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں، اور بیٹر سعود شکیل ایک درجے ترقی کے بعد گیارہویں نمبر پر آگئے ہیں۔