پاکستان - 12 مارچ 2026
نیپا چورنگی سانحہ: وزیرِ اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 5 افسران معطل، غفلت پر سخت کارروائی کا اعلان
پاکستان - 03 دسمبر 2025
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر نیپا چورنگی پر کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ ابراہیم کی ہلاکت کے واقعے میں غفلت کے مرتکب 5 متعلقہ افسران کو معطل کر دیا گیا، اور محکمہ بلدیات نے معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی، ٹاؤن انتظامیہ، ریونیو اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ انتہائی المناک واقعہ ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے اداروں کی جانب سے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی کہ تمام ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کارروائی شروع کی جائے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جن افسران کو معطل کیا گیا ہے ان میں:
- بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت،
- ٹی ایم سی گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض،
- واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر وقار احمد،
- اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال عامر علی شاہ،
- مختیار کار سلمان فارسی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کی رات گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب نجی اسٹور کے باہر بغیر ڈھکن کے مین ہول میں 3 سالہ ابراہیم گر گیا تھا۔
اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کا عمل جاری رکھا، تاہم بچہ 14 گھنٹے بعد ایک کلومیٹر دور نالے سے مردہ حالت میں ملا۔
کے ایم سی کی جانب سے سیکرٹری بلدیات کو بھیجی گئی ابتدائی رپورٹ میں حادثے کی وجہ بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیرات کو قرار دیا گیا تھا۔
دیکھیں

