Pakistan

اسلام آباد:کچرااٹھانے کا ٹھیکہ ترک کمپنی کودےدیا گیا،بہارہ کہو، بنی گالامیں صفائی آپریشن شروع

اسلام آباد:کچرااٹھانے کا ٹھیکہ ترک کمپنی کودےدیا گیا،بہارہ کہو، بنی گالامیں صفائی آپریشن شروع
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد(رپورٹ عدنان نصیر)       وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں صفائی اور کچرا اٹھانے کا ٹھیکہ ایک ترک کمپنی کو دے دیا ہے، جس نے بہارہ کہو، بنی گالا اور دیگر علاقوں میں بتدریج صفائی آپریشن شروع کردیا ہے۔

 

 مختلف مقامات پر صفائی کا عملہ کوڑا کرکٹ اٹھانے میں مصروف ہے، جبکہ کچرے کی منتقلی کے لیے جدید گاڑیاں بھی فراہم کردی گئی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ترک کمپنی نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات شروع کردیے ہیں۔ بہارہ کہو، بنی گالا اور دیگر علاقوں میں عملہ مختلف مقامات سے کوڑا کرکٹ جمع کرکے ٹھکانے لگانے کا کام کررہا ہے۔ 

شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر کچرا جمع کرنے کے بڑے کنٹینرز اور چھوٹے کوڑا دان بھی رکھ دیے گئے ہیں تاکہ لوگ کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈال سکیں۔ 

اس کے علاوہ جلد ہی گھر گھر سے کچرا جمع کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا، جس سے رہائشی علاقوں میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔ 

صفائی کے کام پر مامور اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ آپریشن کا دائرہ مزید علاقوں تک بڑھایا جاسکے۔ 

صفائی کے عملے کو باقاعدہ نیلے رنگ کی وردیاں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ گلیوں اور رہائشی علاقوں سے کچرا جمع کرنے کے لیے ہتھ گاڑیاں بھی دی گئی ہیں۔ 

اس منصوبے کا مقصد وفاقی دارالحکومت اور اس کے مضافاتی علاقوں میں صفائی کا مؤثر نظام قائم کرنا اور کچرے کو باقاعدگی سے جمع کرکے منتقل کرنا ہے۔ 

مقامی شہریوں نے صفائی آپریشن کے آغاز پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کا دائرہ اسلام آباد کے تمام مضافاتی علاقوں تک بڑھایا جائے۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل بہارہ کہو، بنی گالا اور اسلام آباد کے دیگر مضافاتی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور کچرا اٹھانے کا کوئی باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا۔ 

اس صورتحال کے باعث مختلف مقامات پر ٹنوں کے حساب سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر جمع ہوچکے تھے، جو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہے تھے بلکہ شہریوں میں بیماریوں کے خطرات بھی بڑھا رہے تھے۔ 

شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے صفائی منصوبے کے آغاز سے ان علاقوں میں کچرے کے ڈھیروں کا خاتمہ ہوگا، صفائی کا نظام بہتر ہوگا اور رہائشیوں کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول میسر آئے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں