تازہ ترین - 27 فروری 2026
بلاول بھٹو: اپنی سیاسی زندگی میں دو ’فرعون‘ دیکھے — ایک عمران خان، دوسرا فیض حمید
پاکستان - 12 دسمبر 2025
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپنی سیاسی زندگی میں انہیں دو ایسے افراد دیکھنے کو ملے جنہوں نے ’’فرعون‘‘ جیسا رویہ اختیار کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بانی پی ٹی آئی تھے جو طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے رہے، جبکہ دوسرے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید تھے جنہوں نے اپنے عہدے کی حدود سے تجاوز کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ فیض حمید کے خلاف فیصلے کو تاریخی اہمیت حاصل ہے اور امید ہے کہ اس سے یہ پیغام جائے گا کہ مستقبل میں ایسے اقدامات نہیں دوہرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں غلط اور خطرناک روایات ڈالیں، اور آج وہ اپنے عمل کے نتائج بھگت رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب کا دورہ کامیاب رہا، جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی، تاہم گورنر راج آئینی آپشن ضرور موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خود ایسے حالات پیدا کر رہی ہے جو اس سمت میں معاملات کو لے جا سکتے ہیں۔
بلاول نے کہا کہ 28 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے میثاقِ جمہوریت کے ایک اہم وعدے کو پورا کیا گیا ہے، اور یہ پیپلز پارٹی کے نظریے اور منشور کی فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاشی مشکلات کی ذمہ داری صوبوں یا عوام پر نہیں بلکہ اسلام آباد کی بیوروکریسی اور ایف بی آر کی ناکامیوں پر ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صوبوں کے اختیارات کم کیے بغیر وفاق کی مشکلات حل کی جا سکتی ہیں، اور ہماری تجاویز اسی سمت میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج اپنی ہی غلطیوں اور جرائم کا جواب دے رہے ہیں، جیسے ان کے دور میں سیاسی مخالفین خصوصاً مریم نواز اور فریال تالپور کو جیل بھیجا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید کے خلاف کارروائیاں ابھی مکمل نہیں ہوئیں، تحقیقات اور ٹرائل جاری ہیں، اور ان کی سزا اس بات کی یاد دہانی ہے کہ اداروں میں بیٹھ کر غیر ذمے دارانہ رویہ اختیار کرنے والوں کو انجام بھگتنا پڑتا ہے۔
دیکھیں

