کشمیر بھارت کا نہ تھا نہ ہوگا، اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر کا دوٹوک مؤقف

news-banner

دنیا - 17 دسمبر 2025

اقوام متحدہ میں پاکستان کے قونصلر گل قیصر سروانی نے بھارتی نمائندے کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا اور نہ ہی کبھی ہوگا، کیونکہ یہ علاقہ عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام سے حقِ خودارادیت کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ 

 

گل قیصر سروانی کا الزام تھا کہ بھارت خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے ٹی ٹی پی، فتنہ الخوارج اور بلوچ لبریشن آرمی جیسی تنظیموں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

 

پاکستانی قونصلر کے مطابق بھارت نہ صرف سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث ہے بلکہ شمالی امریکا سمیت مختلف ممالک میں ٹارگٹ کلنگ اور پرتشدد کارروائیوں میں بھی شامل رہا ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی بار بار کی جارحیت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

 

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی بند کرنے کا پابند بنایا جائے۔

 

سندھ طاس معاہدے پر بھارتی موقف کو مسترد کرتے ہوئے گل قیصر سروانی نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر حقائق کو مسخ کر رہا ہے اور ایک بین الاقوامی معاہدے کی غلط تشریح کر رہا ہے۔

 

 انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے میں کسی بھی قسم کی یکطرفہ معطلی یا ترمیم کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔