بیرسٹر عقیل ملک کا دعویٰ: پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت سے چلائے جا رہے ہیں

news-banner

پاکستان - 28 دسمبر 2025

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت سے آپریٹ ہو رہے ہیں، جن کا مقصد پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو فروغ دینا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان اور اس کی سالمیت کے خلاف منظم مہم چلائی جاتی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ اور منفی بیانیے پر مبنی ہے۔

 

 انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی سیاسی میدان میں ناکامیوں کو چھپانے کے لیے سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کرتی ہے۔


بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ عوام کے سامنے حقائق واضح ہیں، اس کے باوجود جھوٹ پر مبنی مواد پھیلا کر رائے عامہ کو گمراہ کیا جاتا ہے۔

 

 

 ان کے مطابق پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر اپنی مقبولیت کا دعویٰ تو کرتی ہے، مگر زیادہ تر اکاؤنٹس جعلی ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو حقیقی عوامی حمایت حاصل نہیں اور یہ ایک منظم دھوکا ہے۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر فالوورز کی تعداد بڑھا چڑھا کر پیش کی جاتی ہے، جبکہ اصل میں حقیقی فالوورز نہ ہونے کے برابر ہیں۔