مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ، ملک بھر میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی

news-banner

تازہ ترین - 28 دسمبر 2025

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ کل سے ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث آئندہ چند روز کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم 30 دسمبر سے مزید طاقتور ہو جائے گا اور 31 دسمبر کو بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا، جبکہ 2 جنوری 2026 تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کا امکان ہے۔

 

بلوچستان میں آج رات سے 31 دسمبر کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل سمیت ساحلی و جنوبی اضلاع تربت، گوادر، جیوانی اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔

 

سندھ کے مختلف علاقوں بشمول کراچی، حیدرآباد، دادو، لاڑکانہ، ٹھٹھہ اور بدین میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

خیبر پختونخوا میں 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور اور دیگر اضلاع میں بارش اور بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔

 

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 30 دسمبر کی شام سے 2 جنوری تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور درمیانے درجے کی برفباری کا امکان ہے۔

 

پنجاب اور اسلام آباد میں بھی 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، مری اور گلیات میں برفباری جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 

 جنوبی و وسطی پنجاب کے بعض علاقوں میں 31 دسمبر کو ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔