ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ کے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا

news-banner

پاکستان - 28 دسمبر 2025

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایک منظم گینگ کے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔


ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم اسرار احمد کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا، جو شہریوں کو سمندر کے غیر قانونی راستے یورپ بھجوانے میں ملوث تھا۔


ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم شہریوں کو عمرہ ویزے کے ذریعے پہلے سعودی عرب اور بعد ازاں لیبیا بھجواتا تھا، جہاں سے وہ انہیں غیر قانونی سمندری راستے یورپ بھیجتا تھا۔


گرفتاری اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ ہونے والے مسافروں کی نشاندہی کے بعد عمل میں لائی گئی۔


حکام نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور کارروائیاں جاری ہیں۔