پاکستان - 29 دسمبر 2025
ٹرمپ اور زیلنسکی ملاقات: یوکرین امن منصوبے پر نمایاں پیش رفت، چند اہم معاملات تاحال حل طلب
دنیا - 29 دسمبر 2025
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ہونے والی ملاقات کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین امن منصوبے پر خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم کچھ اہم نکات اب بھی حل طلب ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ملاقات کے دوران امن منصوبے کے متعدد پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور دونوں فریقین کسی حتمی معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں۔
ٹرمپ نے یوکرینی وفد کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا، جبکہ صدر زیلنسکی نے ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
یوکرینی صدر کے مطابق 20 نکاتی امن منصوبے پر 90 فیصد اتفاق ہو چکا ہے، جبکہ امریکا کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی سکیورٹی ضمانتیں مکمل طور پر طے پا گئی ہیں۔
اس حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی ضمانتیں تقریباً 95 فیصد مکمل ہو چکی ہیں، تاہم وہ معاملات کو فیصد میں بیان کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی ملاقات مناسب وقت پر ممکن ہے، اور روسی صدر ولادیمیر پیوتن بھی اس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق انہوں نے روسی صدر سے دو گھنٹے سے زائد طویل ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں سہ فریقی ملاقات کے امکان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈونباس میں فری ٹریڈ زون کے سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی طے نہیں ہوا، تاہم اس کے حل کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے مشکل مسئلہ یہ طے کرنا ہے کہ کون سا علاقہ کس کے کنٹرول میں ہوگا، مگر آئندہ چند ماہ میں اس پر بھی پیش رفت متوقع ہے۔
ٹرمپ نے زور دیا کہ اب معاہدہ کر لینا بہتر ہے، یوکرین نے غیر معمولی جرات دکھائی ہے، لیکن تنازع کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے۔
امریکی صدر نے یوکرینی پارلیمنٹ سے خطاب کی پیشکش بھی کی، جس پر صدر زیلنسکی نے کہا کہ وہ ٹرمپ کو ہمیشہ خوش آمدید کہیں گے۔
دیکھیں

