دنیا - 29 دسمبر 2025
صوبائی وزیر اطلاعات نے پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے واقعات پر ردعمل دے دیا
پاکستان - 29 دسمبر 2025
لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں حالیہ واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کوئی چوک یا چوراہا نہیں جہاں بغیر اجازت کسی کو داخل ہونے دیا جائے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اور ان کے ساتھ آنے والے افراد اسمبلی میں داخل ہوئے حالانکہ پی ٹی آئی کے 30 ارکان کی فہرست پہلے ہی سیکرٹری اسمبلی کو جمع کرائی گئی تھی۔
اسمبلی میں داخلے کے لیے باقاعدہ طریقہ کار ہوتا ہے، مگر ان لوگوں نے گارڈز کو دھکے دیے، گملے اور دروازے توڑے اور زبردستی داخل ہوئے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسمبلی کی حدود میں نامناسب زبان استعمال کی گئی اور اہلکاروں اور ان کے والدین کے بارے میں غیر مناسب الفاظ کہے گئے، اس کے باوجود حکومت نے سخت ردعمل نہیں دیا۔
پی ٹی آئی کے کارکنان جارحانہ رویہ اختیار کرتے رہے اور سوشل میڈیا پر لاہور کے حوالے سے بے بنیاد دعوے کیے گئے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے اور پنجاب میں تمام ضمنی انتخابات یکطرفہ طور پر جیت چکی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے پی ٹی آئی کو اپنی پوزیشن کا ادراک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی گزشتہ 12 برس سے خیبرپختونخوا میں حکومت میں ہے اور ان کے بیانات تضادات کا شکار ہیں۔
سہیل آفریدی کا لاہور کا دورہ تفریحی و مطالعاتی تھا اور مکمل پروٹوکول کے تحت ہوا، جبکہ اب وہ عدالتوں کے علاوہ کسی اور طریقے سے ریلیف چاہتے ہیں۔
دیکھیں

