افغان وزیر داخلہ کا پاکستان کے مثبت بیانات کا خیرمقدم، کشیدگی کم کرنے پر زور

news-banner

دنیا - 29 دسمبر 2025

افغانستان کے وزیرِ داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے کابل اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی میں کمی کی کوششوں کے حوالے سے پاکستانی علماء اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ بیانات کو سراہا ہے۔


افغان ٹی وی چینل طلوع نیوز کے مطابق کابل میونسپلٹی اور دیگر اداروں کی کارکردگی کے اعتراف میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الدین حقانی نے کہا کہ وہ ایسے تمام بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں جو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مسائل کے حل اور بہتری کا سبب بنیں۔


انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کے حوالے سے مثبت اور تعمیری گفتگو کی، اور افغانستان ہر اس خیرسگالی اور برادرانہ موقف کی قدر کرتا ہے جو تعلقات میں بہتری لائے۔


افغان وزیر داخلہ نے پاکستان میں منعقدہ علماء کے حالیہ اجتماع کا بھی حوالہ دیا، جس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور مفتی تقی عثمانی نے افغانستان کے حق میں بیانات دیے، اور کہا کہ اسلامی امارت ان بیانات پر شکر گزار ہے۔


سراج الدین حقانی کا کہنا تھا کہ اسلامی امارت افغانستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے اور افغان عوام نہ کسی کے لیے خطرہ ہیں اور نہ ہی کسی کے خلاف کوئی غلط ارادہ رکھتے ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور ملک دنیا بھر کے ساتھ بھائی چارے اور امن کے پیغام کو فروغ دینا چاہتا ہے۔


افغان وزیر داخلہ نے عالمی برادری سے افغانستان کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور افغان عوام سے بھی اس عمل میں تعاون کی درخواست کی۔


واضح رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے حالیہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے لیے خیرسگالی رکھتا ہے اور نہیں چاہتا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو، جبکہ انہوں نے کابل میں علماء کے اجتماع کی جانب سے جاری بیان کا بھی خیرمقدم کیا تھا۔