سردار سرفراز بگٹی بگٹی قبیلے کے نئے سربراہ منتخب، تعلیم اور فلاحی منصوبوں کو ترجیح دینے کا اعلان

news-banner

پاکستان - 29 دسمبر 2025

وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی کو بگٹی قبیلے کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔

 

 ذرائع کے مطابق قبیلے کے معتبرین اور عمائدین کی متفقہ رضامندی سے یہ فیصلہ کیا گیا، جبکہ اس موقع پر دستار بندی کی باوقار تقریب ان کے آبائی علاقے بیکڑ میں منعقد ہوئی، جس میں قبیلے کے معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ اس اعتماد کو خدمت کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ 

 

انہوں نے کہا کہ بگٹی اقوام تعلیمی میدان میں پیچھے رہ گئی ہیں، تاہم اب قبیلے کے بچوں کو پاکستان کے بڑے تعلیمی اداروں تک رسائی فراہم کی جائے گی۔

 

انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں دانش اسکول کا منصوبہ دیا گیا ہے، جس کے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں اور جلد اس کی تکمیل ہوگی۔ 

 

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید بتایا کہ بگٹی قبائل کے یتیم بچوں کے لیے 300 بیڈز پر مشتمل ہاسٹل کی تعمیر جاری ہے، جہاں انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔