کھیل - 29 دسمبر 2025
پنجاب پروٹیکشن اونرشپ ایکٹ پر لاہور ہائیکورٹ کے سخت ریمارکس، معاملہ سیاست زدہ نہ کرنے کی ہدایت
پاکستان - 29 دسمبر 2025
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان نے پنجاب پروٹیکشن اونرشپ ایکٹ 2025 کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا اس معاملے کو سیاسی رنگ دینا ضروری ہے؟
عدالت میں درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس فیصل زمان خان نے ہدایت کی کہ کیس کو عدالتی تعطیلات کے بعد متعلقہ بینچ کے روبرو مقرر کیا جائے۔
سماعت کے دوران جسٹس فیصل زمان خان نے وکیل اظہر صدیق سے استفسار کیا کہ درخواست میں شامل پی ٹی آئی کے دو ایم پی ایز نے اسمبلی میں اس ایکٹ کے خلاف کوئی بات کیوں نہیں کی؟ عدالت نے کہا کہ یہ نمائندے ایوان میں خاموش رہے اور اب عدالتی کارروائی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
جسٹس فیصل زمان خان نے مزید کہا کہ عدالت نے شدید ٹرولنگ کے باوجود اس معاملے کو سنا، تاہم عدالتی فورم کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ درخواست کو سوشل میڈیا، خصوصاً فیس بک پر بھی شیئر کیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ قانون غریب شہریوں کی جائیدادوں کے تحفظ سے متعلق ہے اور اس نوعیت کی درخواستیں حکومت کے مؤقف کو تقویت دے سکتی ہیں۔
جسٹس فیصل زمان خان نے وکیل کو مشورہ دیا کہ درخواست واپس لے لی جائے اور کہا کہ اگر کسی متاثرہ فریق کی جانب سے درخواست دائر کی جاتی تو بات قابلِ فہم ہوتی، موجودہ درخواست پر عدالت کو افسوس ہوا۔
درخواست گزار کے مطابق پراپرٹی سے متعلق اختیارات انتظامیہ کو دے کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے، جبکہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا کہ سول عدالتوں کا دائرہ اختیار ختم کرنا آئین کے منافی ہے اور انتظامی و عدالتی اختیارات کو یکجا کرنا عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب پروٹیکشن اونرشپ ایکٹ اور اس کے تحت کیے گئے تمام اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دیکھیں

