پاکستان - 30 دسمبر 2025
وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی مذمت
دنیا - 30 دسمبر 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات عالمی امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان روسی صدر، روسی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والی ہر کارروائی کو مسترد کرنے کے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ روس نے یوکرین پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے نووگورود ریجن میں صدر ولادی میر پیوٹن کی سرکاری رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے مطابق 28 اور 29 دسمبر کے درمیان رہائش گاہ پر 91 لانگ رینج ڈرونز فائر کیے گئے، تاہم حملے کے وقت صدر پیوٹن کی موجودگی کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور یوکرین پر حملوں کا جواز پیدا کیا جا رہا ہے۔
دیکھیں

