سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کی فوجی عدالت کی سزا کے خلاف اپیل دائر

news-banner

پاکستان - 30 دسمبر 2025

اسلام آباد: سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید نے فوجی عدالت کی جانب سے سنائی گئی 14 سالہ سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔

 

فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق نے تصدیق کی کہ 27 دسمبر کو اپیل دائر کی گئی، تاہم انہوں نے اپیل کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

 

 یاد رہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات کے غلط استعمال اور پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 14 برس قید کی سزا سنائی تھی۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق 12 اگست 2024 کو فیض حمید کے خلاف تحقیقات کا آغاز ہوا اور 15 ماہ کی تفتیش کے بعد انہیں سزا دی گئی۔

 

 قوانین کے مطابق سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے 40 دن کی مہلت دی گئی تھی۔

 

اپیل کا جائزہ آرمی چیف کی جانب سے بنائی گئی کورٹ آف اپیلز لے گی، جس کے بعد آرمی چیف کے پاس اختیار ہے کہ اپیل کو منظور، مسترد، معطل یا رد و بدل کے احکامات جاری کریں۔ 

 

ذرائع کے مطابق اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیض حمید کو سزا غلط بنیاد پر دی گئی، پراسیکیوشن اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا اور مقدمے کے شفاف ٹرائل کو نظر انداز کیا گیا۔