وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی گورنر خیبرپختونخوا کو امن و امان کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

news-banner

پاکستان - 30 دسمبر 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 

یہ یقین دہانی اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کرائی گئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

 

 گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، بالخصوص سرحدی علاقوں میں سکیورٹی اقدامات اور خوارجیوں کے خلاف جاری آپریشنز سے وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیامِ امن وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

 

 انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری ہیں اور خوارجی عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

 

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی تعاون ناگزیر ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط اور مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔