ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا، جارحیت پر سخت ردعمل کی دھمکی

news-banner

دنیا - 30 دسمبر 2025

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا سخت اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔

 

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق علی شمخانی نے ایکس پر بیان میں کہا کہ ایران کی میزائل اور دفاعی صلاحیتیں کسی دباؤ کے تحت محدود نہیں کی جا سکتیں اور کسی بیرونی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ ایران اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔

 

یہ ردعمل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی مشترکہ نیوز کانفرنس کے بعد سامنے آیا، جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایران دوبارہ جوہری صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کرے گا تو ہر ممکن خطرے کو فوری طور پر ختم کیا جائے گا۔

 

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا کہ ایران اسرائیل کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔ 

 

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی نئی مہم جوئی کا ردعمل ماضی کی بارہ روزہ جنگ سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔