پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن پر علما کرام سے اہم ملاقات، عمل کو آسان بنانے پر زور

news-banner

پاکستان - 30 دسمبر 2025

جامعہ اشرفیہ پاکستان کے وفد نے پنجاب کے محکمہ داخلہ میں صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی۔

 

 ملاقات میں سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، اسپیشل سیکریٹری فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکریٹری عبدالرؤف، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

 

علما کرام کے وفد کی قیادت حافظ اسد عبید اور عبدالرؤف فاروقی نے کی، جبکہ دیگر نمایاں شخصیات میں جمعیت علماء پاکستان، جامعہ الرشید کراچی، سنی علما کونسل، خانقاہ عابدیہ، جامعہ رحیمیہ اور دفتر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے علما شامل تھے۔ 

 

ملاقات کے دوران مدارس کی رجسٹریشن کے عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت مدارس کی رجسٹریشن کا عمل آسان اور سہل بنا رہی ہے اور مختلف مکاتب فکر کے علما سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

 

 سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے دوران علما کرام کی مشاورت سے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور امام صاحبان کو جنوری 2026 سے اعزازیہ کی مد میں رقوم فراہم کی جائیں گی۔