ایئر چائنا کا ایئربس سے 60 اے320 نیو طیارے خریدنے کا معاہدہ، مالیت 9.5 ارب ڈالر

news-banner

کاروبار - 31 دسمبر 2025

چین کی قومی فضائی کمپنی ایئر چائنا اور اس کی ایک ذیلی ایئرلائن نے یورپی طیارہ ساز ادارے ایئربس کے ساتھ 60 اے320 نیو طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کر لیا ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 9.5 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

 

یہ فیصلہ چین میں ایئربس طیاروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کا تسلسل ہے، جہاں اس ہفتے اسپرنگ ایئرلائنز اور جونیاؤ ایئرلائنز سمیت دیگر کمپنیوں نے بھی ایئربس طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ایئر چائنا کے مطابق یہ طیارے 2028 سے 2032 کے دوران مرحلہ وار فراہم کیے جائیں گے۔

 

ایئربس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ایئر چائنا کی جانب سے اے320 فیملی کے مزید طیارے آرڈر کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ 2022 میں چائنا ایوی ایشن سپلائز ہولڈنگ کمپنی اور ایئربس کے درمیان طے پانے والے فریم ورک معاہدے کا حصہ ہے۔

 

اس فریم ورک کے تحت اے320 فیملی کے 132 اور اے350 وائڈ باڈی کے 8 طیاروں کی خریداری شامل تھی، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 17 ارب ڈالر بتائی گئی تھی۔

 

 ماہرین کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث امریکی کمپنی بوئنگ کو چینی مارکیٹ میں نئے آرڈرز حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کا فائدہ ایئربس کو ہو رہا ہے۔