پاکستان - 08 جنوری 2026
پی ٹی اے کی بڑی کارروائی: گزشتہ مالی سال میں 10 کروڑ سے زائد موبائل ڈیوائسز بلاک
تازہ ترین - 06 جنوری 2026
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گزشتہ مالی سال کے دوران بلاک کی جانے والی موبائل ڈیوائسز سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق مختلف وجوہات کی بنیاد پر 10 کروڑ سے زائد موبائل فونز اور ڈیوائسز کو نیٹ ورک سے ہٹا دیا گیا۔
پی ٹی اے دستاویزات کے مطابق 8 لاکھ 68 ہزار ایسے موبائل فونز کو بلاک کیا گیا جو گمشدہ یا چوری شدہ تھے، جبکہ 7 کروڑ 20 لاکھ جعلی اور ریپلیکا موبائل ڈیوائسز کو موبائل نیٹ ورک سے منقطع کیا گیا۔
اس کے علاوہ 2 کروڑ 70 لاکھ ایسی ڈیوائسز بھی بلاک کی گئیں جن میں ڈپلیکیٹ یا کلون شدہ آئی ایم ای آئی نمبرز استعمال ہو رہے تھے۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2019 سے اب تک موبائل ڈیوائس رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے حکومت کو 83 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس ریونیو حاصل ہوا۔
اس وقت ملک میں استعمال ہونے والے تقریباً 68 فیصد اسمارٹ فونز مقامی سطح پر تیار کیے جا رہے ہیں، جس کے لیے پی ٹی اے اب تک 36 موبائل مینوفیکچرنگ لائسنس جاری کر چکی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی، جعلی اور غیر معیاری موبائل ڈیوائسز کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ اور موبائل نیٹ ورک کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
دیکھیں

