دنیا - 09 جنوری 2026
پی ایس ایل میں دو نئی ٹیمیں شامل، حیدرآباد اور سیالکوٹ کی فروخت مکمل
کھیل - 08 جنوری 2026
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے دو نئی ٹیموں کی نیلامی مکمل ہو گئی ہے۔ ساتویں ٹیم حیدرآباد 175 کروڑ روپے میں ایف کے ایس گروپ نے خریدی، جبکہ آٹھویں ٹیم سیالکوٹ 185 کروڑ روپے میں اوزی ڈویلپرز کے حصے میں آئی۔
جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی، وفاقی وزرا، کھلاڑی اور دیگر حکام موجود تھے۔
تقریب کے دوران 9 بڈرز اور 6 ممکنہ شہروں کا تعارف کرایا گیا، جس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے گھنٹی بجا کر نیلامی کا آغاز کیا۔ آکشنر کی ذمہ داریاں وسیم اکرم نے سنبھالی۔
ابتدائی نیلامی کے بعد ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی بولی لگا کر ساتویں ٹیم خرید لی اور اسے حیدرآباد کا نام دیا۔
دوسرے مرحلے میں اوزی ڈویلپرز نے 185 کروڑ روپے کی بولی لگا کر آٹھویں ٹیم خریدی اور اسے سیالکوٹ کا نام دیا۔
اس سے قبل حالیہ ٹورنامنٹس میں کامیاب ٹیموں پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز کو انعامات سے نوازا گیا۔
ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح پاکستانی ٹیم کو 1.85 کروڑ روپے جبکہ رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کو 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ لیگ کی ایک دہائی چیلنجز اور کامیابیوں سے بھری رہی، اور پی ایس ایل آج دنیا کی بہترین لیگس میں شامل ہے۔
پی ایس ایل سیزن 11 کا آغاز 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا، اور نئی ٹیموں کی شمولیت سے ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہو جائے گی۔
دیکھیں

