ریڈیو پاکستان حملہ: فرانزک رپورٹ میں پی ٹی آئی کے افراد کے براہِ راست ملوث ہونے کے شواہد، عظمیٰ بخاری

news-banner

پاکستان - 12 جنوری 2026

لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان پشاور پر حملے سے متعلق فرانزک رپورٹ میں تحریک انصاف کے افراد کے براہِ راست ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں، جبکہ 9 مئی کے پشاور ہنگاموں میں بھی پی ٹی آئی کا کردار ثابت ہوتا ہے۔

 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہو رہی ہیں۔

 

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک مخصوص گروہ ملک میں مسلسل انتشار اور انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نے خود سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کیں، جن میں ریڈیو پاکستان حملے سے متعلق مواد بھی شامل ہے، تاہم اس کے باوجود تحریک انصاف جرم تسلیم کرنے سے انکار کر رہی ہے۔

 

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست عوام کو اشتعال دلانے اور فساد پر اکسانے کے گرد گھومتی ہے، جبکہ حکومت قانون کی بالادستی یقینی بنائے گی۔